ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروارڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں زچہ کی موت کا معاملہ:ڈاکٹر شیوانند کا ہوا تبادلہ۔ رکن اسمبلی نے کیاقصوروار وں پر سخت کارروائی کا مطالبہ

کاروارڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں زچہ کی موت کا معاملہ:ڈاکٹر شیوانند کا ہوا تبادلہ۔ رکن اسمبلی نے کیاقصوروار وں پر سخت کارروائی کا مطالبہ

Thu, 01 Oct 2020 12:12:22    S.O. News Service

کاروار یکم ؍ اکتوبر(ایس او نیوز) کاروار کے ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں چند دن پہلے ایک زچہ کے فوت ہوجانے کا جو معاملہ پیش آیا تھا اس کی تحقیقات ابھی جاری ہے ۔ لیکن اس دوران خبر ملی ہے کہ کاروار میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کے سرجن اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شیوانند کوڈتلکر کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ محکمہ صحت عامہ اور خاندانی بہبود کے چیف سیکریٹری یو شنکر کی طرف سے جاری کیے گئے سرکاری حکم نامے میں ڈاکٹر شیوا نند کو سرجن اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے عہدے سے ہٹانے اور  تبادلے پر فوری عمل کرنے  کی ہدایت دی گئی ہے۔

یادرہے کہ31اگست کو گیتا  نامی خاتون نے ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں ایک بچی کو جنم دیا تھا۔ 3اگست کو نس بندی کا آپریشن کرنے کے دوران بے ہوشی کی دوا دیتے ہی  گیتا کی حالت بگڑ گئی تھی اور مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔ اس پر گیتا کے گھر والوں نے الزام لگایا تھا کہ سرجن ڈاکٹر شیوانند کی غفلت اور کوتاہی سے زچہ کی موت ہوئی ہے ۔ پھرگھر والوں کے ساتھ مقامی لوگوں نے بھی سرجن کے خلاف کڑ ی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے زبردست احتجاج کیا تھا۔اس کے علاوہ کاروار انکولہ ایم ایل اے روپالی نائک نے وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا، وزیر صحت سری راملو اور میڈیکل ایجوکیشن کے وزیر کے سدھا کر سے مطالبہ کیاتھا کہ قصور وار ڈاکٹرکا تبادلہ کردیا جائے۔کہا جاتا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کررہی مقامی کمیٹی پر بھروسہ نہ ہونے کی بات کہتے  ہوئے ایم ایل اے نے وزیر اعلیٰ اور دیگر وزراء پر دباؤ بنایا تھا کہ ڈاکٹر کی تبادلہ فوری طور پر کیا جائے۔ اسی  پس منظر میں  ڈاکٹر شیوانند  کوڈتلکر کو عہدے سے ہٹانے اور تبادلہ کا سرکاری حکم  نامہ جاری  کیا گیا ہے۔


Share: